news

شاہ رخ خان فلم “کنگ” کی شوٹنگ کے دوران زخمی، امریکا منتقل

Published

on

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی نئی فلم “کنگ” کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے، جس کے بعد انہیں علاج کے لیے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ ممبئی میں ایکشن سین کی عکس بندی کے دوران پیش آیا جب ان کی کمر پر چوٹ آئی۔ اگرچہ چوٹ کو سنگین قرار نہیں دیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم ایک ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شاہ رخ نے فلم کا ایک ہائی اوکٹین ایکشن اسٹنٹ خود انجام دینے کا فیصلہ کیا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے ہوں، ماضی میں 2017 کی فلم “زیرو” کی شوٹنگ کے دوران بھی وہ گردن کی چوٹ کے باعث امریکا میں علاج کروا چکے ہیں۔ اس تازہ چوٹ کے بعد فلم “کنگ” کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے اور پروڈکشن ٹیم نے ان کی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ری شیڈولنگ شروع کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس تاخیر سے فلم کے بجٹ پر دباؤ بڑھے گا لیکن پروڈیوسرز اداکار کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔ فلم “کنگ”، جس کی شوٹنگ گزشتہ برس سے جاری ہے، 2026 کے اوائل میں ریلیز کی منصوبہ بندی کے تحت بنائی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس فلم کی ہدایت کاری سوجوئے گھوش کر رہے تھے، تاہم بعد ازاں “پٹھان” کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے یہ ذمہ داری سنبھالی۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان بھی اداکاری کے میدان میں قدم رکھ رہی ہیں اور دونوں کا باپ بیٹی کا رشتہ فلم کی کہانی کا مرکزی جذباتی عنصر ہو گا۔ فلم میں ابھیشیک بچن بھی ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کے مداح اس خبر پر افسردہ ہیں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ برس “پٹھان” اور “جوان” جیسی بلاک بسٹر فلموں کے بعد شاہ رخ خان نے “ڈنکی” سے بھی بین الاقوامی سطح پر کامیابی سمیٹی تھی، اور انہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ “کنگ” کے ذریعے اپنے کیریئر کا ایک نیا طاقتور باب شروع کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version