news
عمران اشرف کی بھارتی پنجابی فلم سے عالمی ڈیبیو، مداحوں میں خوشی کی لہر
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت اداکار عمران اشرف اب اپنی فنی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر منوانے کے لیے تیار ہیں۔ وہ جلد بھارتی پنجابی فلم ’’اینا نوں رہنا سہنا نئی آوندا‘‘ میں مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو ان کے بھارتی پنجابی سینما میں بطور ہیرو پہلا قدم ہوگا۔ فلم کی ہدایت کاری روپن بال نے کی ہے جبکہ کہانی سریندر اروڑا نے تحریر کی ہے۔ فلم 22 اگست 2025 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ اس خبر کا اعلان دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی کامیاب فلم “سردار جی 3” کی زبردست کامیابی کے بعد سامنے آیا، جس نے دونوں ممالک کے سینما میں خوب دھوم مچائی۔ عمران اشرف نے اپنی اس آنے والی فلم کا آفیشل ٹریلر انسٹاگرام پر شیئر کیا، جسے ان کے 6.7 ملین فالوورز نے بھرپور پذیرائی بخشی۔ مداحوں نے اس اعلان پر خوشی کا اظہار کیا اور مبارکباد کے پیغامات دیے۔ معروف اداکار دانش تیمور نے بھی عمران اشرف کو ’’گڈ لک ہیرو‘‘ کہتے ہوئے کامیابی کی دعا دی۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر کے بعد اب عمران اشرف بھی عالمی سطح پر پاکستانی فنکاروں کا نام روشن کریں گے۔ بعض مداحوں نے مزاحیہ تبصرے بھی کیے کہ ’’اب انڈینز شور مچائیں گے جیسے سردار جی 3 کے بعد کیا تھا۔‘‘ عمران اشرف کے چاہنے والے اس بات پر پُرجوش ہیں کہ ان کا پسندیدہ اداکار اب بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوائے گا اور پاکستانی فنکاروں کی عالمی سطح پر عزت میں اضافہ کرے گا۔