news
آئی ایس پی آر ڈاکومنٹری ’’معرکہ حق‘‘ بھارت کے جھوٹے دعوؤں کا پردہ فاش
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے معرکہ حق پر مبنی ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے، جس میں تمام واقعات کو ترتیب سے اور حقائق کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈاکومنٹری میں شامل تمام شواہد کی صداقت پر زور دیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ ہر دعوے کے ساتھ ثبوت بھی شامل ہو۔ اس دستاویزی فلم میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن سے متعلق کئی حقائق کو بھی منظر عام پر لایا گیا ہے۔ اس میں بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس، بھارت کے گرائے گئے طیاروں کا ملبہ، اور بھارتی افواج کی جانب سے شہریوں، مساجد اور دیگر مقامات پر حملوں کے ثبوت بھی دکھائے گئے ہیں۔ بھارتی عوام کے بیانات کو بھی ڈاکومنٹری کا حصہ بنایا گیا ہے، جنہوں نے پہلگام واقعے کو فالس فلیگ قرار دے کر آپریشن سندور کی ناکامی پر سوالات اٹھائے اور ذمہ داران کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کو بھی اس فلم میں اجاگر کیا گیا ہے۔ اس ڈاکومنٹری کے ذریعے بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ اگر واقعی دہشتگرد موجود تھے تو ان کے شواہد کیوں پیش نہیں کیے جا رہے۔ آئی ایس پی آر کی اس کاوش کو ناظرین کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی آئی ایس پی آر نے “آپریشن بنیان المرصوص” کی کامیابی کے بعد ایک ولولہ انگیز ملی نغمہ جاری کیا تھا جس کا عنوان “دھڑکن پہ ایک ہی نام” تھا، جس میں وطن سے محبت، شہداء کی قربانیوں، اور دشمن کے ناپاک عزائم کی شکست کو شاندار انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ راحت فتح علی خان کی آواز میں گایا گیا یہ نغمہ، “پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” جیسے الفاظ کے ذریعے حب الوطنی، قومی یکجہتی، اور افواج پاکستان کے اعتماد کی ترجمانی کرتا ہے۔ یہ نغمہ شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔