news
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 14 سال بعد 2.1 ارب ڈالر سرپلس میں داخل
کراچی سے جاری ہونے والے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 14 سال کے بعد پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 2.1 ارب ڈالر سرپلس میں چلا گیا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں کرنٹ اکاؤنٹ میں یہ مثبت پیش رفت اس وقت دیکھنے میں آئی جب پچھلے مالی سال 2023-24 کے دوران ملک کا جاری کھاتہ 2 ارب ڈالر خسارے میں تھا۔ مرکزی بینک کے مطابق اس سے قبل کرنٹ اکاؤنٹ مالی سال 2011 میں صرف 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سرپلس میں آیا تھا۔ اس تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جون 2025 کے مہینے میں بھی جاری کھاتہ 32 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سرپلس میں رہا، جبکہ جون 2024 میں اسی کھاتے میں 50 کروڑ ڈالر کا خسارہ درج کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا ہے اور مالیاتی پالیسیوں میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔