news
سردار جی 3 نے پاکستان میں ریکارڈ توڑ کمائی کر لی
پنجابی بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ نے پاکستانی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ بھارت میں مختلف پابندیوں کے باوجود، فلم نے بین الاقوامی سطح پر خاص طور پر پاکستان میں غیر معمولی بزنس کیا ہے۔ چونکہ زیادہ تر پنجابی فلم ساز برطانیہ یا کینیڈا سے قانونی طور پر منسلک ہوتے ہیں، اس لیے ان کی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہو سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ‘سردار جی 3’ نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی 21 کروڑ پاکستانی روپے یعنی 6.34 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔ تعطیلات کے دوران ریلیز ہونے کے باوجود، فلم نے دوسرے ہفتے میں مزید 9.50 کروڑ روپے (2.86 کروڑ بھارتی روپے) اور تیسرے ہفتے کے ایک دن میں ہی 10 کروڑ روپے (3.02 کروڑ بھارتی روپے) کما لیے۔ یوں مجموعی طور پر فلم اب تک پاکستان میں 12.23 کروڑ بھارتی روپے، یعنی 40.51 کروڑ پاکستانی روپے کا بزنس کر چکی ہے، جو کہ پاکستان میں کسی بھی بھارتی فلم کی سب سے بڑی کمائی ہے۔ اس کامیابی نے سابقہ ہٹ فلم ‘کیری آن جٹہ 3’ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلم کا بزنس آئندہ ہفتوں میں 60 کروڑ پاکستانی روپے تک پہنچ سکتا ہے۔