news
ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کی خبروں کی امریکی حکام نے تردید کردی
ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان سے متعلق پاکستانی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو امریکی حکام نے مسترد کر دیا ہے۔ معروف پاکستانی نیوز چینل کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ان خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھی کسی قسم کی باضابطہ اطلاع سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان آنے کے حوالے سے انہیں کچھ علم نہیں، اور نہ ہی اس بارے میں کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
ادھر امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی اس خبر کی تصدیق نہ ہونے کی رپورٹ دی ہے اور بتایا ہے کہ امریکی صدر 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے، جس کی تصدیق برطانوی شاہی محل کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر کنگ چارلس کی دعوت پر لندن جائیں گے۔
اس سے پہلے بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر 18 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر سمیت اہم قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی کہا گیا تھا کہ ٹرمپ پہلے بھارت جائیں گے اور اس سے قبل پاکستان کا مختصر دورہ کریں گے، اور دورے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
ان خبروں میں یہاں تک دعویٰ کیا گیا کہ امریکی صدر نے حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا، اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عاصم منیر کی شخصیت سے متاثر ہوئے ہیں اور بھارت سے جنگ روکنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
تاہم اب امریکی حکام کی واضح تردید اور دفتر خارجہ کی خاموشی کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس ماہ پاکستان کا کوئی دورہ کرنے جا رہے ہیں۔