news
فیس بک پر چوری شدہ مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف میٹا کا کریک ڈاؤن
فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے پلیٹ فارم پر اسپیم اور چوری شدہ مواد کی بھرمار کو کم کرنے کے لیے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس جو مسلسل دوسرے کریئیٹرز کی ویڈیوز، تصاویر یا تحریری پوسٹس کو چوری کرکے دوبارہ پوسٹ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسے صارفین جو دوسروں کا مواد اپنی فیڈز میں شائع کر کے اصل تخلیق کار بننے کا تاثر دیتے ہیں، ان کی پوسٹس کی رسائی محدود کر دی جائے گی اور انہیں ایک مخصوص مدت کے لیے مونیٹائزیشن پروگرام سے بھی باہر کر دیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایک جیسا مواد بار بار فیڈ میں نظر آنا صارفین کے لیے بوریت کا باعث بنتا ہے اور یہ عمل نئے اور اصل کریئیٹرز کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ اس مقصد کے تحت فیس بک کا سسٹم ایسی ویڈیوز اور میمز کی نشاندہی کرے گا جو کسی اور کی ملکیت ہوں، اور ان کی اشاعت کو محدود کر کے اصل تخلیق کار کی محنت کو محفوظ بنائے گا۔
میٹا نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ان تخلیق کاروں کو ان کا جائز کریڈٹ دینے کے لیے مزید اقدامات پر کام کر رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق، سال 2025 کے پہلے چھ مہینوں میں وہ پہلے ہی اسپیم یا جعلی انگیجمنٹ میں ملوث پانچ لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کر چکی ہے۔