news
علی پرویز ملک، ڈالر مہنگا ہونے سے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوا، تاہم ڈالر کی قیمت میں دو روپے اضافے کے باعث پیٹرول مہنگا کرنا پڑا۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے لیکن خراب معیشت کو وقتی ریلیف سے نہیں، بلکہ بڑے فیصلوں سے سنبھالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیٹرول کی قیمت نہ بڑھاتے تو آئی ایم ایف سے معاہدہ خطرے میں پڑ جاتا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت 272.15 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 284.35 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے سمیت پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ریلوے حکام نے میل، ایکسپریس، انٹر سٹی اور فریٹ ٹرینوں کے کرایے بڑھا دیے ہیں، جن میں کوئلہ کے کرایے میں 3 فیصد اور فرٹیلائزر کے کرایے میں 2 فیصد اضافہ شامل ہے۔ مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 18 جولائی اور فریٹ کے نئے کرایوں کا اطلاق 21 جولائی سے ہوگا۔
دوسری جانب، پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 250 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے راولپنڈی، پشاور اور فیصل آباد جانے والے کرایوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔