news
سپر مین فلم پر اسرائیل مخالف مناظر کا الزام، پروڈکشن ٹیم نے وضاحت دے دی
ہالی ووڈ کی مشہور سپر مین سیریز کی حالیہ ریلیز کردہ فلم ایک نئی بحث کا سبب بن گئی ہے، جس میں شائقین اور مبصرین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فلم میں اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حامی مناظر شامل کیے گئے ہیں۔ جولائی کے آغاز میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں دو خیالی ریاستوں کے درمیان جنگ کو دکھایا گیا ہے، جن میں سے ایک کو طاقتور اور دوسری کو کمزور ظاہر کیا گیا ہے۔ عرب نشریاتی ادارے ’مڈل ایسٹ آئی‘ کے مطابق فلم میں طاقتور ریاست کو امریکا اور عالمی طاقتوں کی حمایت یافتہ دکھایا گیا ہے، جو جدید ہتھیاروں کے ساتھ کمزور ریاست پر حملہ کرتی ہے۔ ترک میڈیا ادارے ’ٹی آر ٹی‘ کے مطابق فلم میں عام شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں پر مظالم کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں، جو حقیقی حالات کی عکاسی کرتے ہیں۔ شائقین کا ماننا ہے کہ فلم کی کہانی، مکالمے اور مناظر واضح طور پر اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ تاہم فلم کی پروڈکشن ٹیم نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کہانی مکمل طور پر خیالی ریاستوں پر مبنی ہے اور اس کا کسی حقیقی ملک یا سیاسی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں ہے۔