news
صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18 ستمبر کو پاکستان آئیں گے
اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18 ستمبر کو پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ کا یہ دورہ جنوبی ایشیا کے وسیع تر دورے کا حصہ ہے، جس میں وہ بھارت بھی جائیں گے۔ تاہم بھارت روانگی سے قبل وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارتی سطح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دورے کے بارے میں حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور تیاریاں بھی شروع ہو چکی ہیں۔ اس دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقاتیں پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے متوقع ہیں، جن میں صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر شامل ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو کیبنٹ روم میں خوش آمدید کہا اور ان کی قیادت اور کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “عاصم منیر کی شخصیت متاثر کن ہے”۔
امریکی صدر نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا “جنگ نہ چھیڑنے” کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “فیلڈ مارشل کو امن کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا”۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی صدور میں جارج ڈبلیو بش (2006)، بل کلنٹن، رچرڈ نکسن اور لنڈن جانسن شامل ہیں۔ اب ڈونلڈ ٹرمپ اس فہرست میں شامل ہونے جا رہے ہیں، جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات میں نئی جہتیں متعارف کرا سکتا ہے۔