news

اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے تباہی

Published

on

اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارشوں نے شہر کا نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جہاں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر گوالمنڈی پل پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ واسا اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے، اور اگر یہ سطح 20 فٹ تک پہنچی تو آس پاس کی آبادیوں کو خالی کرانے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 13 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ نالہ لئی سے ملحقہ تمام چھوٹے نالے بھی طغیانی کا شکار ہو چکے ہیں۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں افراد محصور ہو گئے ہیں اور فوری نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی۔ متاثرہ علاقوں میں مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیرودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال شامل ہیں، جہاں کئی گھروں میں بارشی پانی داخل ہو چکا ہے اور رابطہ پل زیر آب آ چکے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد سے مری جانے والے جی ٹی روڈ پر سالگراں کے مقام پر شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک کا ایک حصہ متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ ریسکیو ٹیمیں، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ چکی ہیں تاکہ متاثرہ علاقے کو کلیئر کرایا جا سکے۔

ادھر دریائے سواں میں بھی طغیانی دیکھی جا رہی ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ گھنٹوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ ضلعی حکومت اور ریسکیو ادارے مکمل الرٹ ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version