news

پنجاب میں طوفانی بارشوں سے تباہی، ایمرجنسی نافذ، پاک فوج طلب

Published

on


پنجاب بھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ جہلم اور چکوال سمیت مختلف اضلاع میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے، متعدد نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا، جس کے بعد ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے پاک فوج کو طلب کر لیا گیا۔

بارشوں کے باعث چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کی صورت حال پیدا ہوئی جہاں 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پنجاب ضلع کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔ کھیوال میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص اور بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

جہلم میں بھی طوفانی بارش کے باعث درجنوں دیہات متاثر ہوئے۔ نالہ پنہاں بپھر گیا، رجروڑ نکہ خاص سمیت مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے میں 40 سے زائد افراد پھنس گئے جنہیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کر لیا گیا۔ متاثرہ افراد کو لائف جیکٹس فراہم کی گئی ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چکلالہ، بوکرا اور گولڑہ میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے مکمل طور پر زیرآب آ چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال بن حفیظ کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں 370 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version