news
بیرسٹر سیف، پٹرول مہنگائی پر میڈیا خاموش، حکومت صرف کرسی بچا رہی ہے
پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں چار مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جس سے تقریباً 30 روپے فی لیٹر کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر پندرہ دن بعد عوام پر پٹرول بم گرایا جا رہا ہے جبکہ میڈیا کی خاموشی بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول سستا ہو رہا ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بیرسٹر سیف نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کے دور میں 150 روپے فی لیٹر پٹرول پر شور مچانے والے آج کیوں خاموش ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے تنگ آ چکے ہیں، فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور جعلی حکومت صرف عمران خان کو جعلی مقدمات میں جیل میں رکھنے پر مرکوز ہے، عوامی ریلیف حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پولیس لائنز پشاور کے دورے کے موقع پر ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ محنت کشوں کے چالان کم اور وارننگ زیادہ دی جائے کیونکہ یہ طبقہ بڑی مشکل سے بچوں کے لیے روزی کماتا ہے اور بھاری چالان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے چالان طاقتور اور بڑی گاڑیوں کے مالکان کو دیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو عزت دیتی ہیں وہ ناقابل شکست ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کے اہل خانہ کو ہر سرکاری دفتر اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں عزت و احترام سے خوش آمدید کہا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں پولیس فورس کے بجٹ کو رواں سال 124 ارب روپے سے بڑھا کر 158 ارب روپے کر دیا گیا ہے جبکہ کے پی پولیس کی تنخواہیں بھی دیگر صوبوں کے برابر کر دی گئی ہیں تاکہ ان کی محنت اور قربانیوں کا حق ادا کیا جا سکے۔