news
خواجہ آصف کا عمران خان اور غلام سرور پر پی آئی اے کی تباہی کا الزام
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور فیصلوں کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو شدید نقصان پہنچا، اور بانی پی ٹی آئی عمران خان ان جرائم میں برابر کے شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف جرم کیا اور پی آئی اے کو “قبرستان” بنا دیا۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی کے خاتمے کو موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ قومی وقار کی بحالی کا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لی اور اب قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پابندی ہٹنے کے بعد نہ صرف پی آئی اے بلکہ ایک نجی ایئرلائن، ایئر بلیو کو بھی برطانیہ میں پروازوں کی اجازت مل گئی ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی اور وقت و پیسے کی بچت ہوگی۔ خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ ماضی میں جب کوئی پاکستانی بیرون ملک وفات پاتا تو پی آئی اے مفت میت واپس لاتی تھی، مگر پابندی کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کو ہزاروں ڈالر خرچ کرنا پڑے، جس کی وجہ سے بعض نے بیرون ملک ہی قبرستانوں میں جگہیں خرید لیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد ادارے کو جدید جہاز، نئے فضائی راستے اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور جو بھی نجی ادارہ اسے سنبھالے گا، اسے ایک مکمل اور فعال ایئرلائن دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غلام سرور خان کے ایک بیان نے پاکستان کے وقار کو داغدار کیا اور قومی ادارے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، مگر اس بیان کی آج تک کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ خواجہ آصف نے تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کئی سالوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اور پی آئی اے کی نجکاری اب بہتر قیمت پر ممکن ہو سکے گی۔