news
وزیراعظم شہباز شریف، وزارتوں کی کارکردگی ہر دو ماہ بعد جانچی جائے گی
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب ہر دو ماہ بعد تمام وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو وزارتیں اچھی کارکردگی دکھائیں گی انہیں سراہا جائے گا، جبکہ کمزور کارکردگی پر نہ صرف اصلاح کی کوشش کی جائے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر تادیبی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ کسی کو بھی جھوٹا تاثر پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف کارکردگی کو ہی معیار بنایا جائے گا۔
انہوں نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد کشمیر حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ قومی اتحاد، بھائی چارے اور ذمہ دارانہ رویے نے اس پرامن ماحول کو ممکن بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے حالیہ شدید بارشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے ایک متحرک ادارہ بن چکا ہے، تاہم بدقسمتی سے بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، بالخصوص سوات کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، جس سے سبق سیکھ کر مستقبل میں بہتر تیاری کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے معیشت کی بہتری کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جو کہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام حکومتی ادارے عوامی خدمت اور حقیقی کارکردگی کو اپنی ترجیح بنائیں، کیونکہ صرف وہی لوگ اس معیار پر پورے اتریں گے جو قوم کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں گے، جبکہ نااہلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔