news
سدھارتھ ملہوترا اور کیارہ اڈوانی کے ہاں بیٹی کی پیدائش
بالی ووڈ کی مقبول اداکار جوڑی سدھارتھ ملہوترا اور کیارہ اڈوانی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کی خوشخبری دونوں فنکاروں نے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔ انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ میں سدھارتھ ملہوترا نے بتایا کہ ان کی پہلی اولاد کی ولادت ہوئی ہے اور وہ ایک ننھی پری کے والدین بن گئے ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا: “ہمارے دل خوشی سے بھر گئے ہیں اور ہماری دنیا ہمیشہ کے لیے بدل گئی ہے، ہمیں ایک بیٹی کی نعمت ملی ہے۔” اس خوشخبری کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور بالی ووڈ انڈسٹری کے کئی معروف شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ واضح رہے کہ کیارہ اڈوانی اور سدھارتھ نے فروری 2023 میں راجستھان کے جیسلمیر میں واقع سوریہ گڑھ پیلس میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی، جبکہ رواں سال فروری میں انہوں نے کیارہ کے حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اداکارہ کیارہ جلد ہی فلم “ٹاکسک” اور “وار 2” میں جلوہ گر ہوں گی، جبکہ سدھارتھ اپنی آنے والی فلموں “پرم سندری” اور “وان: فورس آف دی فاریسٹ” میں نظر آئیں گے۔