news
برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی ختم کر دی
برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد فضائی پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان کو ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رجوع کر سکیں گی۔ اس پیش رفت کے بعد پی آئی اے سمیت دیگر پاکستانی فضائی کمپنیاں دوبارہ برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اہل ہوں گی۔ علاوہ ازیں برطانوی حکومت نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزہ کی سہولت بھی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب فزیکل ویزہ سٹیکر کی بجائے ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس فراہم کیا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل سسٹم سے ویزہ کا عمل مزید آسان اور مؤثر ہو جائے گا، اور درخواست دہندگان کو پاسپورٹ واپس رکھنے کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔ یہ سہولت جلد تمام ویزہ کیٹیگریز تک وسعت دی جائے گی۔