news
ریحام خان نے “پاکستان ریپبلک پارٹی” کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنا لی
پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی سابقہ اہلیہ، صحافی اور سماجی کارکن ریحام خان نے باضابطہ طور پر اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کا نام “پاکستان ریپبلک پارٹی” ہوگا۔ ریحام خان نے کہا کہ ان کی جماعت صرف اقتدار کے حصول کی سیاست نہیں کرے گی بلکہ عوامی فلاح، شفافیت اور انصاف کے لیے جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار نہیں اور نہ ہی عارضی سیاست دان ہیں، بلکہ وہ اگلے 30 سال کی حکمت عملی لے کر میدان میں آئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عام شہری کی آواز دبائی جاتی ہے لیکن پاکستان ریپبلک پارٹی ہر نظرانداز شدہ طبقے کی نمائندہ بنے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی سیاست خدمت اور عوامی مسائل کے حل پر مبنی ہوگی، کیونکہ ملک میں ابھی بھی لوگ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ ریحام خان نے بتایا کہ بی بی سی سے استعفیٰ دینے کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ چار سال گزار چکی ہیں اور اس دوران انہیں پاکستان سے محبت ہو گئی، اس لیے اب وہ سیاست کے ذریعے ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کو سیاسی جدوجہد کے آغاز کی علامت قرار دیا اور کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام سے جڑنے اور ان کی آواز بننے کا عزم رکھتی ہیں۔