news

عمران خان کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس سہولیات، جیل سپرنٹنڈنٹ کی وضاحت

Published

on

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جاری کردہ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق بی کلاس سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پریس ریلیز کے مطابق عمران خان کو خوراک، کتب و اخبارات کے مطالعے، ورزش اور چہل قدمی کی مکمل آزادی حاصل ہے اور انہیں سات سیلز پر مشتمل ایک علیحدہ کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جہاں کھلا صحن بھی موجود ہے۔ سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ عمران خان کے پاس ورزش کے لیے سائیکل اور تفریح کے لیے ایل ای ڈی بھی میسر ہے جبکہ ان کے ذاتی ذوق کے مطابق اخبارات اور کتب کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ انہیں کھانے کے لیے ایک قیدی باورچی بھی فراہم کیا گیا ہے جو ان کی ہدایات کے مطابق کھانا تیار کرتا ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے جیل سے اب تک 413 مرتبہ ٹوئٹر پر پیغامات بھجوائے اور 10 بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویوز بھی دیے ہیں۔ وہ سماعتوں کے دوران صحافیوں سے براہِ راست بھی مخاطب رہے جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ان سے 66 ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں سیاسی رہنما، وکلاء اور خاندان کے افراد شامل ہیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق عمران خان کی صحت کے روزانہ تین مرتبہ معائنے کیے جا رہے ہیں اور حالیہ دو ہفتوں میں کسی بیماری کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا اور ان کی سکیورٹی اور صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version