news
پی ٹی آئی احتجاج کی کال پر اختلافات، عالیہ حمزہ کا استعفے کی دھمکی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 5 اگست کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاج کی کال کے اعلان کے بعد پارٹی کی مرکزی اور پنجاب قیادت کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور دیگر مرکزی رہنما 90 دن کے اندر فائنل احتجاج کی کال دینے کے موقف پر قائم ہیں، جبکہ پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے 5 اگست کو احتجاج پر زور دیتے ہوئے احتجاج نہ ہونے کی صورت میں عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ نے پنجاب کی تنظیم کو احتجاج کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ مرکزی قیادت نے احتجاج میں شرکت کی مقامی سطح پر یقین دہانی کروائی ہے۔ اس ساری صورتحال میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی 5 اگست کے احتجاج کی حمایت کر چکی ہیں، جس سے پارٹی کے اندر اختلافات مزید گہرے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔