news

وزیراعظم شہباز شریف کا ڈیجیٹل معیشت پر زور

Published

on


وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی ڈیجیٹائزیشن ہے تاکہ نظام میں شفافیت آئے اور صارفین کو سہولت میسر ہو۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ حکومت سے عوام اور عوام سے حکومت کی ادائیگیوں کا مکمل نظام ڈیجیٹل کیا جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہو اور سسٹم میں آسانی پیدا ہو۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے کیش لیس اکانومی کا نفاذ آسان بنایا جائے۔ اجلاس میں “راست” نظام کے بورڈ آف گورنرز اور چیئرمین کی ستمبر تک تقرری کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ استعمال کرنے والوں کی تعداد 95 ملین سے بڑھا کر 120 ملین کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم 7.5 بلین سے 15 بلین روپے تک لے جانے کا ہدف طے کیا گیا۔ عوامی آگہی مہم، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے آلات پر درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے، اور ترسیلات زر کو بھی ڈیجیٹائز کرنے جیسے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم نے “راست” کو اسلام آباد سٹی ایپ سے منسلک کرنے، شہر میں وائی فائی اور ای لائبریریوں کے قیام، اور QR کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کو فروغ دینے کی بھی ہدایات دیں۔ کمرشل پوائنٹس پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے لیے ہدف 2 ملین سیل پوائنٹس مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں، پینشنز اور کنٹریکٹرز کی ادائیگیاں بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کی جائیں گی تاکہ ملک بھر میں کیش لیس اکانومی کا نفاذ ممکن بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version