news
مریم نواز: جنید کے چالان پر اہلکار کو شاباش دی، قانون سب کے لیے برابر ہے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی تقریب سے خطاب کے دوران انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے جنید صفدر کی سیکیورٹی کی گاڑی کا چالان کرنے والے پولیس اہلکار کو نہ صرف ان کے بیٹے نے بلکہ خود انہوں نے بھی شاباش دی۔ انہوں نے واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل جنید اپنی رہائش گاہ کی طرف جا رہا تھا، ساتھ سیکیورٹی کی گاڑیاں تھیں۔ راستے میں پولیس نے پروٹوکول کی گاڑیوں کو روکا اور بعد میں اہلکار کو معلوم ہوا کہ گاڑی میں وزیراعلیٰ کا بیٹا موجود ہے۔ اہلکار نے معذرت کی، لیکن جنید نے جواباً کہا کہ یہ اس کی ڈیوٹی تھی اور وہ قانون پر عمل کر رہا تھا، لہٰذا وہ سلام کے مستحق ہے۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ جب انہیں اس واقعے کی خبر ملی تو انہوں نے ڈی آئی جی آپریشن کو فون کر کے متعلقہ اہلکار شاہ زیب سے بات کروائی اور اسے فخر کے ساتھ شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہو یا اس کا بیٹا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ انہیں “ڈالا کلچر” اور اسلحہ کی نمائش سے سخت نفرت ہے اور وہ شو آف پاور کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا قانون ہر امیر و غریب پر برابر لاگو ہونا چاہیے اور اب کمزور طبقے کے ساتھ پوری ریاست کھڑی ہوگی۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور جرائم پیشہ افراد خود تائب ہو کر جرائم سے باز آ رہے ہیں۔