news

ندیم افضل چن کا جہانگیر ترین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اشارہ

Published

on

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے جہانگیر ترین کی پارٹی میں ممکنہ شمولیت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے “ہاں ہی سمجھیں”۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر جہانگیر ترین سیاست میں واپسی کرتے ہیں تو وہ مخدوم احمد محمود کے ساتھ کریں گے، جو کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سینئر رہنما ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی میں جہانگیر ترین کی شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پنجاب میں کئی لوگ پیپلز پارٹی میں آنا چاہتے ہیں، مگر حکومتی دباؤ اور ہتھکنڈے انہیں روک رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت پیپلز پارٹی کو پنجاب میں سیاسی جگہ (سپیس) نہیں دے رہی، حالانکہ پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ہمیشہ نظام اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے دھرنوں کے دوران بھی پارٹی نے نظام کا ساتھ دیا، جبکہ دوسرے لوگ جمہوریت کے پردے میں اقتدار کے مزے لیتے رہے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کوئی سیاسی چالیں نہیں چلتی بلکہ اصولوں کی سیاست کرتی ہے۔ بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان نے جمہوریت کے لیے جو قیمت چکائی ہے وہ کسی اور جماعت سے کہیں زیادہ ہے۔ بانی تحریک انصاف سے متعلق سوال کے جواب میں ندیم افضل چن نے کہا کہ جیل، جیل ہوتی ہے، چاہے کوئی بھی ہو۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جیل اصلاحات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو آج جمہوریت کے علمبردار بنے ہوئے ہیں، وہی ماضی میں اسمبلی سے استعفے دینے کا مشورہ دیتے تھے، جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئینی راستے کو ترجیح دی۔ ندیم افضل چن نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم پیپلز پارٹی نے بنائی، لیکن کچھ وجوہات کی بنیاد پر پارٹی کو اسے چھوڑنا پڑا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version