news

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تفصیلات: ڈی آئی جی ساؤتھ کی وضاحت

Published

on

کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے بارے میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اہم انکشافات کیے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی لاش کے گلنے سڑنے کی بو عام طور پر 5 سے 40 دن تک محسوس کی جا سکتی ہے، تاہم چونکہ اکتوبر سے فروری تک حمیرا کے فلیٹ کے برابر میں رہنے والی فیملی ملک سے باہر تھی، اس لیے موت کا جلدی علم نہ ہو سکا۔

ڈی آئی جی کے مطابق کمرے کی گیلری اور ملحقہ واش روم کی کھڑکیاں کھلی ہونے کے باعث ممکن ہے کہ بو وقت گزرنے کے ساتھ ختم ہو گئی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ فلیٹ انتظامیہ، چوکیدار اور قریبی رہائشیوں کو تفتیش میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ شواہد کے مطابق یہ واقعہ غالباً 7 اکتوبر 2024 کو پیش آیا۔ اس تاریخ کے تین دن بعد چوکیدار نے اداکارہ حمیرا اصغر سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اسی دوران ان کی ایک سہیلی کی کال بھی بےجواب رہی۔

یاد رہے کہ اداکارہ کی لاش 8 جولائی کو اس وقت دریافت ہوئی جب فلیٹ کے کرائے کی عدم ادائیگی پر عدالتی بیلف گھر پہنچا۔ پہلے ان کی موت کو ایک سے دو ماہ پرانی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ نے سب کو حیران کر دیا جس کے مطابق حمیرا اصغر کی موت 8 سے 10 ماہ قبل واقع ہوئی تھی اور ان کی لاش گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں تھی۔ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف ان کے مداحوں کو غمگین کر دیا بلکہ شہر میں اکیلے رہنے والے افراد کے حالاتِ زندگی پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version