news
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع – 16 جولائی سے نئی قیمتیں
ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 16 جولائی سے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 6 روپے 60 پیسے اور 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے نئی قیمتوں سے متعلق ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی ہے جو جلد وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔ بعد ازاں وزارت خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث کیا جا رہا ہے، تاہم وفاقی حکومت کے پاس اختیار ہے کہ وہ ان قیمتوں میں کمی یا اضافہ اپنی صوابدید پر کر سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو بھی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 266 روپے 79 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گیا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ اس اضافے میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے، جو آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت عائد کی گئی۔ اب ایک بار پھر پیٹرول بم گرنے کی تیاری مکمل ہو رہی ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر مزید بوجھ ڈالے جانے کا خدشہ ہے۔