news

علی امین گنڈاپور کا چیلنج، انجینئر ضیاء الرحمان کا دو ٹوک جواب

Published

on

پاکستان کی سیاسی فضا اس وقت خاصی گرم ہو چکی ہے جہاں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان محاذ آرائی میں مزید شدت آ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو دیا گیا الیکشن لڑنے کا چیلنج اب مولانا کے بھائی انجینئر ضیاء الرحمان نے قبول کر لیا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ضیاء الرحمان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی حیثیت نہیں کہ مولانا فضل الرحمان جیسے رہنما ان کا چیلنج قبول کریں، لہٰذا اگر واقعی مقابلہ کرنا ہے تو اپنے بھائی سے استعفیٰ دلوا کر ان سے انتخابی میدان میں مقابلہ کریں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا نے پی ٹی آئی کے بانی لیڈر کو اقتدار سے باہر نکالا اور اب وہ گنڈاپور خاندان کے اس فرد کو بھی سیاسی انجام تک پہنچائیں گے۔ انجینئر ضیاء الرحمان نے علی امین گنڈاپور کو غیرت اور بہادری کے معیار پر بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور خاندان بہادری سے جانا جاتا ہے مگر موجودہ وزیراعلیٰ اس معیار پر پورا نہیں اترتے۔

انہوں نے اپنے حامیوں کو متحرک ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کریں گے۔ یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مولانا کو براہِ راست چیلنج دیا تھا کہ وہ ان کے بھائی سے الیکشن لڑیں، اور شرط رکھی تھی کہ جو ہارے گا سیاست چھوڑ دے گا۔

علی امین گنڈاپور نے مولانا پر فارم 47 سے جیتنے کا الزام بھی لگایا تھا اور کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پہلے اپنے ماضی پر نظر ڈالیں۔ ہم نے انہیں صوبہ بدر کر دیا تھا اور وہ پشین سے الیکشن لڑنے پر مجبور ہوئے تھے۔ اس صورتحال نے دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی محاذ کو اور زیادہ گرما دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version