news
دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر الرٹ جاری
ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پی ڈی ایم اے نے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔دریائے سندھ تونسہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلابی خطرہ لاحق ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک تک پہنچ چکی ہے، جب کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تونسہ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ گڈو بیراج پر بھی پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکی ہے۔ راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا دباؤ بڑھنے کے باعث مقامی آبادیوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
ریسکیو 1122، محکمہ زراعت، صحت، ٹرانسپورٹ، جنگلات اور دیگر اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ نے دریائی کنارے آباد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ تونسہ بیراج سے نکلنے والی رابطہ نہروں کو فی الحال پانی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے تاکہ نقصان کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر، منچن آباد اور رینالہ خورد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں اسلام آباد، سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔