news
تحریک انصاف کا ردعمل: تحریک کے اثرات نمایاں، حکومت کا خوف بےنقاب
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک کے باقاعدہ اعلان کے ساتھ ہی اس کے مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ن لیگ اور وفاقی حکومت کے وزراء گھبراہٹ میں مسلسل بیانات دے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق پنجاب اور وفاق میں مینڈیٹ چرانے والوں کا خوف ان کی آہ و بکا سے صاف ظاہر ہو رہا ہے اور اپنی گھبراہٹ چھپانے کے لیے حکومت نے اپنے درباریوں اور ترجمانوں کو میدان میں اتار دیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اپنی بقاء کے لیے ایک طرف قوم سے بھیک مانگ رہی ہے، تو دوسری جانب جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران گروہ کے پاس اقتدار پر قابض رہنے کا واحد ذریعہ صرف ظلم، جبر اور فسطائیت ہے۔ قوم اب بخوبی جان چکی ہے کہ یہ عناصر آئین اور قانون کو روند کر ملک کو غلامی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، تاہم عوام اس سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ترجمان نے عمران خان کی رہائی کو آئین، قانون، جمہوریت اور ملک کی سلامتی کی ضمانت قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت اپنی کرسی بچانے کے لیے ہر حربہ آزما رہی ہے لیکن قوم اب فیصلہ کر چکی ہے کہ وہ ان عناصر سے نجات حاصل کرے گی جو عدلیہ اور میڈیا کو کنٹرول کر کے قوم پر ہمیشہ کی غلامی مسلط کرنا چاہتے ہیں