news
وفاقی حکومت کا فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کو ایک ملک گیر وفاقی فورس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اس فورس کو پورے پاکستان میں کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری ایکٹ 1915ء میں ترامیم کی منظوری دی جائے گی اور اس کے بعد ایک آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔ نئی مجوزہ فورس کو “فیڈرل کانسٹیبلری” کا نام دیا جائے گا جو نہ صرف چاروں صوبوں بلکہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فرائض انجام دے گی۔
اس تبدیلی کے بعد ملک بھر میں نئی فورس کے دفاتر قائم کیے جائیں گے اور تنظیم نو کے تحت اس کی کمان پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے سپرد کی جائے گی۔ آرڈیننس کے نفاذ کے بعد اس فورس میں نئی بھرتیوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا تاکہ اس کی استعداد کو پورے ملک میں بڑھایا جا سکے۔ فیڈرل کانسٹیبلری کے قیام کو داخلی سلامتی اور امن و امان کی بہتری کے لیے ایک مؤثر قدم تصور کیا جا رہا ہے، جو قومی سطح پر سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط اور ہم آہنگ بنانے کی بڑی کوشش کا حصہ ہے۔