news

ایس آئی ایف سی کی دوسالہ کارکردگی: ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ

Published

on

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اپنے دوسالہ دور میں پاکستانی معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی جانب سے متعارف کردہ پالیسیوں اور اقدامات کی بدولت نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا بلکہ عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معاشی سمت کو درست قرار دیا۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلات زر میں 28.79 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو 34.89 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں، اور سال کے اختتام تک اس میں 38 ارب ڈالر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان ترسیلات کا بڑا حصہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ سے حاصل ہوا ہے۔

اسی دوران یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 8.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 10 ماہ کے دوران 7.55 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں عالمی طلب میں اضافہ دیکھا گیا۔ سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی مثبت رجحانات دیکھنے کو ملے، ربڑ کی مصنوعات میں 163 فیصد اور سماجی خدمات میں 416 فیصد تک اضافہ ہوا، جب کہ تعمیرات، سیمنٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں بھی بہتری آئی۔

ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے، موڈیز نے پاکستان کا معاشی آؤٹ لک مثبت قرار دیا ہے جبکہ فچ ریٹنگز نے کریڈٹ ریٹنگ ‘+CCC’ سے ‘+B’ کر دی ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے چین میں اپنا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس سے حاصل شدہ رقم جدید زراعت، فارمنگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ پاکستان نے ماحول دوست منصوبوں کے فروغ کیلئے 30 ارب روپے مالیت کے پہلے ’’گرین سکوک‘‘ کا اجرا بھی کیا ہے، جس کا مقصد توانائی اور پانی کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کو 1.4 ارب ڈالر کے پائیدار ترقیاتی فنڈ کی منظوری دی ہے جسے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، صاف توانائی کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایس آئی ایف سی کی کارکردگی کو قومی یکجہتی، مربوط حکمت عملی اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version