news
پی ٹی آئی کا آج جی ٹی روڈ پاور شو، علی امین گنڈاپور قیادت کریں گے
پی ٹی آئی نے آج جی ٹی روڈ پر بڑے پاور شو کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کریں گے۔ اس سلسلے میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس کے پی ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام منتخب اراکین کو مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ احتجاج کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اراکین سے تجاویز بھی لی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ کے اعلیٰ رہنما خیبر ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہو چکے ہیں جہاں قافلے کی لاہور روانگی کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ لاہور روانہ ہوگا جہاں سیاسی ملاقاتوں اور مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ لاہور میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد عمران خان کی قیادت میں جاری تحریک کو مزید منظم کرنا اور آئندہ کی حکمت عملی کو واضح کرنا ہے۔ لاہور میں علی امین گنڈاپور کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا جس میں تحریک کی سرگرمیوں پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔