news
صدر ٹرمپ کا بھارت سمیت برکس ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سمیت تمام برکس ممالک پر 10 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے بھارتی معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بھارت بھی برکس کا رکن ہے، اس لیے وہ اس نئی تجارتی پالیسی کے دائرے میں آئے گا اور اسے بھی کسی قسم کی رعایت یا استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ ٹرمپ نے کہا کہ برکس کا قیام امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے اور ڈالر کی عالمی حیثیت کو چیلنج کرنے کے لیے کیا گیا، اور امریکہ کسی صورت اس طرح کے اقدامات کی اجازت نہیں دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی ملک برکس کی امریکہ مخالف پالیسیوں کی حمایت کرے گا، اس پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیکس لاگو ہوگا اور کسی کو استثنا نہیں ملے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ٹیرف پالیسی سخت ہوگی اور اس پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکہ آج ہی مختلف ممالک کو خطوط بھیجے گا جن میں ہر ملک کے لیے مخصوص ٹیرف کی شرح اور تجارتی شرائط درج ہوں گی۔
ماہرین معاشیات کے مطابق بھارت پہلے ہی معاشی دباؤ اور زرمبادلہ کے مسائل کا شکار ہے، ایسے میں امریکی صدر کی اس نئی پالیسی سے بھارتی برآمدات کو بڑا نقصان پہنچے گا اور امریکی منڈی میں بھارتی مصنوعات مہنگی ہو جائیں گی۔ تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی یہ پالیسی عالمی سطح پر اقتصادی کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہے، خصوصاً ان ممالک کے لیے جو برکس جیسے اتحادوں کے ذریعے امریکہ کے معاشی غلبے کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔