news
اداکارہ حمیرا اصغر کی موت: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی
کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے معاملے میں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق ان کی موت کو تقریباً 8 سے 10 ماہ گزر چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی لاش گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں تھی۔
پوسٹ مارٹم کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کے جسم پر کسی قسم کی ہڈی ٹوٹنے یا تشدد کے نشانات نہیں ملے۔ تاہم، بالوں اور کپڑوں کے ٹکڑے حاصل کر کے انہیں کیمیائی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے تاکہ زہر خورانی یا دیگر ممکنہ وجوہات کی تصدیق کی جا سکے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل اداکارہ کی لاش ان کے کراچی میں واقع فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔ پڑوسیوں کی شکایت پر دروازہ توڑا گیا تو ان کی انتہائی بوسیدہ حالت میں لاش ملی۔
پولیس اور فرانزک ٹیمیں واقعے کی مزید تحقیقات میں مصروف ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اداکارہ کی موت قدرتی وجوہات سے ہوئی یا اس کے پیچھے کوئی مجرمانہ محرک کارفرما تھا۔
حکام کے مطابق کیمیائی تجزیے کی رپورٹ اور ڈی این اے تجزیہ مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے، جس سے موت کی حقیقی وجہ کا تعین ممکن ہو سکے گا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کے انتقال نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر واقعے سے متعلق مزید شفاف تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔