news
جیک ڈورسی کی نئی ایپ ‘بٹ چیٹ’ متعارف، واٹس ایپ کا ڈی سینٹرلائزڈ متبادل
ٹوئٹر کے شریک بانی اور بلاک کمپنی کے سی ای او جیک ڈورسی نے واٹس ایپ کے مقابلے میں ایک نئی ڈی سینٹرلائزڈ میسجنگ ایپ ’بٹ چیٹ‘ متعارف کرائی ہے، جو بلیوٹوتھ میش نیٹ ورک پر کام کرتی ہے اور انٹرنیٹ کے بغیر بھی پیغامات بھیجنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے نہ فون نمبر درکار ہے اور نہ ہی ای میل، بلکہ سادہ طریقے سے صارفین قریبی ڈیوائسز سے جڑ سکتے ہیں۔
جیک ڈورسی نے اعلان کیا کہ اس ایپ کا بیٹا ورژن ٹیسٹ فلائٹ پر دستیاب ہے جبکہ اس کا وائٹ پیپر GitHub پر بھی موجود ہے۔ ایپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ میسجز کو صرف صارف کی ڈیوائس پر محفوظ کرتی ہے اور پیغامات بائی ڈیفالٹ ڈیلیٹ ہو جاتے ہیں۔ اس میں گروپ چیٹس اور رومز کا فیچر بھی شامل ہے جبکہ مستقبل میں وائی فائی ڈائریکٹ کا آپشن بھی شامل کیا جائے گا تاکہ طویل فاصلے پر رابطہ ممکن ہو سکے۔ ’بٹ چیٹ‘ خاص طور پر ان علاقوں یا حالات کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جہاں انٹرنیٹ یا کالنگ سروس بند ہو، اور یہ مسلسل فعال رہتی ہے۔ جیک ڈورسی اس سے قبل ڈی سینٹرلائزڈ سوشل پلیٹ فارم ’بلیو اسکائی‘ بھی متعارف کرا چکے ہیں۔