head lines
وزیراعظم نے قطری شہزادی شیخہ اسماء کو پاکستان کی ماؤنٹین ٹورازم کی سفیر مقرر کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف سے نانگا پربت سر کرنے والی قطری شہزادی اور معروف کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی نے ملاقات کی، جس دوران وزیراعظم نے ان کے عزم، حوصلے اور صنفی مساوات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے شیخہ اسماء کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 5 پاکستان میں واقع ہیں، جو ملک کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی پورٹرز اور گائیڈز کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے کوہ پیماؤں کو عالمی معیار کی معاونت فراہم کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیخہ اسماء کی کامیابی نہ صرف ایک نمایاں کارنامہ ہے بلکہ یہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ شیخہ اسماء الثانی نے پاکستان میں ملنے والی مہمان نوازی اور تعاون پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔