news

پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published

on


پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے تاکہ باہمی دفاعی اشتراک کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ہوئی۔ ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، دفاعی شعبوں میں جاری تعاون اور ابھرتی ہوئی جنگی ٹیکنالوجیز میں شراکت کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایئر چیف مارشل نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے مشترکہ تزویراتی ہم آہنگی کو اجاگر کیا اور دفاعی تربیت و ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک کے دفاعی سربراہان نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا تاکہ مختلف شعبوں میں پیش رفت کے لیے عملی اقدامات کو تیز کیا جا سکے۔

ترک وزیر دفاع یاشار گلر نے پاک فضائیہ کی میزبانی اور مہمان نوازی پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی اور خاص طور پر ایویانکس، جدید جنگی ٹیکنالوجیز اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظاموں (UAS) میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کی حمایت کو بھی سراہا اور اسے دونوں افواج کے مابین آپریشنل ہم آہنگی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تربیتی تعاون کو مزید بڑھانے اور دوطرفہ و کثیرالملکی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version