news

تحریک انصاف کا ردعمل: شیخ وقاص اکرم کا رانا ثناءاللہ پر تنقید

Published

on


پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے رانا ثناءاللہ کے حالیہ بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زبان اور اندازِ گفتگو اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہیں کہ ایک بار پھر ہائبرڈ نظام، پرامن اور آئینی جدوجہد کو پرتشدد رنگ دینے کی تیاری کر چکا ہے۔ اپنے بیان میں شیخ وقاص نے کہا کہ جس شخص پر ریاستی قتلِ عام کے الزامات ہوں وہ آج میڈیا پر بیٹھ کر عمران خان سے ملنے آنے والے ان کے بیٹوں کو کھلم کھلا دھمکیاں دے رہا ہے، اور اس کی گھبراہٹ اس بات کی دلیل ہے کہ سلیمان اور قاسم خان کے پاکستان آنے کی خبر سے ہی یہ نظام لرز اٹھا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر عمران خان کے بیٹوں یا کسی بھی پرامن احتجاجی کارکن کے خلاف طاقت یا ریاستی جبر استعمال کیا گیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے، کیونکہ اب پوری قوم ظلم کے خلاف متحد ہو چکی ہے اور اس بار فیصلہ ہوگا کہ ملک عوام کا ہے یا چند طاقتوروں کا۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد کی عدالت کے حالیہ فیصلے پر بھی سخت اعتراض کیا جس کے تحت 27 یوٹیوب چینلز بند کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان چینلز کو بغیر نوٹس، بغیر سماعت اور بغیر صفائی کا موقع دیئے بند کیا گیا، جو نہ صرف اظہارِ رائے کی آزادی بلکہ آئینی اصولوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف یوٹیوبرز کے خلاف نہیں بلکہ ہر اُس آواز کے خلاف ہے جو حق اور آزادی کی نمائندہ ہے۔

انہوں نے آئین کے آرٹیکل 10-A (فیئر ٹرائل) اور 19 (اظہارِ رائے کی آزادی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو ان کی پاسداری کرنی چاہیے نہ کہ صرف ایک فریق کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ کا زوال جاری ہے اور اگر آج چند آوازیں بند کی جا رہی ہیں تو کل کسی اور کی باری بھی آ سکتی ہے، اس لیے پوری قوم کو عمران خان کے آزاد پاکستان کے وژن تلے متحد ہو جانا چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version