news
ایشیائی ترقیاتی بینک،خواتین کے لیے قرض کا حصول آسان
پاکستان میں خواتین کے لیے قرض کے حصول کو آسان بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان “ویمن انٹرپرینیورز فنانس کوڈ” کے تحت 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد ملک میں خواتین کی مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے مشکل معاشی حالات پر قابو پایا ہے، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام کو پاکستان میں خواتین کے لیے مالی خودمختاری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا اور کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے انہیں دوبارہ دہرانے سے گریز کرنا ہوگا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینئر ڈائریکٹر کرسٹین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور بتایا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کیا جائے گا، جس سے ملک بھر میں 20 لاکھ خواتین براہِ راست مستفید ہوں گی۔ یہ منصوبہ خواتین کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور مالیاتی نظام کا حصہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔