news
ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران پر پابندیاں اٹھانے کا عندیہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہو چکا ہے اور مذاکرات کا شیڈول بھی طے پا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ عشائیے پر ملاقات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی کوششوں سے دنیا میں کئی جنگیں روکی گئیں جن میں پاکستان اور بھارت جیسے ایٹمی طاقتوں کے درمیان تجارتی تعاون کے ذریعے کشیدگی میں کمی شامل ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ ٹل چکی ہے اور شاید اب ایران پر مزید کسی حملے کی ضرورت نہ پڑے، کیونکہ خطے کے دیگر ممالک سے بھی امریکہ اور اسرائیل کو بھرپور تعاون حاصل ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ایسے حل کی تلاش میں ہیں جس سے فلسطینیوں کو بہتر مستقبل مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فلسطینی غزہ میں رہنا چاہیں تو رہ سکتے ہیں، لیکن اگر جانا چاہیں تو انہیں موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل ان ممالک سے قریبی تعاون کر رہا ہے جو فلسطینیوں کو نئے مواقع فراہم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل ان فلسطینی ہمسایوں کے ساتھ امن قائم کرنے کا خواہاں ہے جو اسرائیل کی تباہی کے خواہش مند نہیں، اور ایسا امن چاہتے ہیں جس میں اسرائیل کی سیکیورٹی مکمل طور پر اس کے اپنے اختیار میں ہو۔