news
عمران خان وبشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی جلد سماعت کیلئے درخواستیں دائر
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کیس میں اپنی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جلد سماعت کی متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں، جس پر عدالت نے ڈائری نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ عمران خان کیس میں 26 جون کو آخری سماعت ہوئی تھی، جس کے بعد کیس مقرر نہیں کیا گیا۔ دائر کردہ درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 17 جنوری کو سزا سنائی گئی تھی اور 27 جنوری کو اپیل دائر کی گئی، لیکن 15 مئی کو پہلی سماعت کے بعد نیب کی جانب سے بار بار التوا مانگا گیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کی یقین دہانی کے باوجود درخواستیں اب تک مقرر نہیں ہوئیں، لہٰذا عدالت ان کی جلد سماعت کا حکم دے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یکم جولائی سے 30 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم ضمانت کے کیسز سنے جائیں گے۔ بینچ میں شامل دونوں ججز تاحال دستیاب ہیں، اور اگر وہ رخصت پر چلے بھی گئے تو متبادل بینچ تشکیل دینے کا امکان موجود ہے، جس سے یہ اُمید کی جا رہی ہے کہ سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت ممکن ہو سکتی ہے۔