news
پی ٹی آئی کا فاٹا میں جرگہ سسٹم کی واپسی اور وفاقی مداخلت پر شدید ردعمل
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع میں جرگہ سسٹم کی ممکنہ واپسی اور فاٹا سے متعلق مجوزہ اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ان قبائلی علاقوں میں جرگہ سسٹم کے احیاء کی سخت مخالف ہے کیونکہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد ایسے معاملات صرف صوبائی دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور وفاق کے پاس اب قانون سازی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
گوہر علی خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع سے متعلق قائم کمیٹی کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ یہ علاقہ حساس ہے اور وفاقی حکومت کو صوبائی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت مشاورت کے نام پر فاٹا کے انضمام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن پارٹی اس کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت واقعی فاٹا کے لوگوں سے مخلص ہے تو انہیں ان کا مکمل مالی حصہ دیا جائے۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم خان نے کہا کہ 2018 سے اب تک فاٹا کیلئے اعلان کردہ ایک ہزار ارب روپے میں سے صرف 132 ارب روپے دیے گئے ہیں، جبکہ ہر سال کے فنڈز بھی روک دیے گئے، جو ان علاقوں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔
اقبال آفریدی نے بطور رکن سیفرون کمیٹی اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ فاٹا کے اسٹیٹس سے متعلق کسی قسم کی تبدیلی پر نہ کبھی میٹنگ میں بات ہوئی، نہ مشاورت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کو صوبائی معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار حاصل نہیں ہے، اور اگر ایسی کوشش کی گئی تو پی ٹی آئی اس کی بھرپور مخالفت کرے گی