news

شاہد خاقان عباسی کا ہائبرڈ نظام اور جمہوریت پر کڑا مؤقف

Published

on

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک کے سیاسی نظام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ایک ہائبرڈ یعنی نیم بادشاہی نظام قائم ہے، جہاں اگر آپ بادشاہ کی بات نہیں سنیں گے تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ مختلف ٹی وی انٹرویوز میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ووٹ ڈالنے کا عمل نہیں بلکہ ایک سوچ اور رویے کا نام ہے، جس کی بنیاد آئین اور شفاف انتخابات پر ہوتی ہے، اور جب الیکشن ہی متنازعہ ہوں، عوام کی رائے کا احترام نہ کیا جائے، تو ایسی جمہوریت بے معنی ہو جاتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے خبردار کیا کہ اگر عوام سڑکوں پر آ گئی تو طاقت اور جماعتوں کی پہچان باقی نہیں رہے گی۔ ان کے مطابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ اپنی بات کو قانون سمجھتے ہیں، حالانکہ جمہوریت میں یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو مشورہ دیا کہ جو شخص منتخب نمائندے کو ڈی سیٹ کرنے کی بات کرتا ہے، پہلے اسے خود ڈی سیٹ ہونا چاہیے۔

عمران خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوام اب بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہر وہ لیڈر جس کے پیچھے عوام ہو، وہ جیل بھی کاٹتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ عمران خان کو پے رول پر رہا کر کے مذاکرات کیے جائیں کیونکہ سیاست دشمنی نہیں بلکہ بات چیت کا نام ہے۔

اپنے مسلم لیگ ن سے اختلافات پر بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ ان کے اختلافات کسی شخصیت یا عہدے پر نہیں بلکہ اصولی بنیادوں پر ہیں، اور اگر مسلم لیگ ن دوبارہ “ووٹ کو عزت دو” کے بیانیے پر آتی ہے تو وہ ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے عدلیہ پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب سپریم کورٹ کے ججز کو باہر سے فیصلے لکھ کر دیے جا رہے ہوں، تو پھر قانون اور آئین کا وجود ختم ہو چکا ہے۔ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو انہوں نے تاریخ کا متنازع ترین فیصلہ قرار دیا۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف چاہیں تو پانچ سال کیا، تاحیات وزیراعظم بن سکتے ہیں، لیکن انہیں مولانا فضل الرحمان کی دھمکیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اگر مولانا نے اسلام آباد مارچ کا ارادہ کر لیا تو وہ اپنی بات کو انجام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version