news
ٹرمپ کی برکس حامی ممالک کو دھمکی: 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد ہوگا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک برکس (BRICS) کی امریکا مخالف پالیسیوں کی حمایت کریں گے، ان پر 10 فیصد اضافی ٹیرف، یعنی درآمدی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس پالیسی میں کسی بھی ملک کے لیے کوئی رعایت نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا آج سے مختلف ممالک کو خطوط ارسال کرے گا جن میں ہر ملک کے لیے مخصوص ٹیرف کی شرح اور تجارتی معاہدوں کی تفصیلات درج ہوں گی۔
صدر ٹرمپ نے اس اعلان کے ساتھ واضح کر دیا کہ یہ قدم امریکا کے اقتصادی اور سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی مخالف پالیسیوں کو عملی طور پر جواب دیا جائے۔
اس سے قبل، امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران “بگ بیوٹی فل بل” پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت ٹیکس میں کمی، دفاعی بجٹ میں اضافہ اور امیگریشن قوانین کو سخت کرنے جیسے اقدامات کو قانونی حیثیت دی گئی۔ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ یہ بل امریکا کی تاریخ کا بہترین قانون ہے، جو معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔
یومِ آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن دورِ حکومت میں 21 ملین افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے، مگر اب امریکی سرحدیں پہلے سے زیادہ محفوظ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے امریکی فضائیہ کے حالیہ آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں کیا گیا کامیاب حملہ امریکا کی بحال شدہ عسکری طاقت کا مظہر ہے۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ “ہم امریکا کو دوبارہ عظیم ترین ملک بنائیں گے۔”