news
سردار تنویر الیاس کے عمران خان مخالف بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں، ترجمان
آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے ترجمان سردار مشعل یونس نے عمران خان کے خلاف مبینہ بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز، ٹکرز اور اخباری تراشے سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہیں، جن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کر کے غلط بیانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب ایک منظم پروپیگنڈہ مہم ہے، جس کا مقصد شر انگیزی پھیلانا اور سیاسی طور پر گمراہ کرنا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سردار تنویر الیاس 24 جون 2025ء سے باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اور اب پارٹی کے آئین، منشور اور پالیسیوں کے پابند ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سردار تنویر الیاس نے نہ تو پی ٹی آئی اور نہ ہی عمران خان یا کسی دیگر سیاسی جماعت یا قیادت کے خلاف کوئی بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوری تسلسل، سیاسی رواداری اور اخلاقی اقدار کے قائل ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کا احترام کرتے ہیں۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ جعلی اور بے بنیاد بیانات اور ویڈیوز کے خلاف سردار تنویر الیاس کی قانونی ٹیم سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں ٹھوس شواہد کے ساتھ قانونی چارہ جوئی میں مصروف ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں کیونکہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ سب ایک مخصوص منفی ایجنڈے کے تحت کیا جا رہا ہے۔