head lines
پاکستان میں اسٹارلنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کو بڑا جھٹکا
پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی معروف عالمی کمپنی اسٹارلنک کو لائسنس کے حصول میں بڑی رکاوٹوں کا سامنا ہے، جس کے باعث اس کا انٹرنیٹ فراہمی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) نے اسٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن ختم کر دی ہے۔ یہ رجسٹریشن کمپنی کو 21 مارچ کو دی گئی تھی، لیکن پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے واضح کیا تھا کہ مستقل رجسٹریشن کے لیے لائسنس کا حصول لازمی ہے۔
اسٹارلنک مقررہ وقت میں لائسنس حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث جون 2025 میں اس کی عارضی رجسٹریشن کی مدت مکمل ہو گئی۔ کمپنی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور سرکاری پالیسی کے مزید واضح ہونے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جا سکے۔ پاکستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر صارفین اس سروس کے آغاز کے منتظر تھے، تاہم ریگولیٹری مسائل کی وجہ سے منصوبہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے۔