ٹیکنالوجی
ایپل نے آئی فون 17 سیریز کی لانچنگ تاریخ اور قیمتوں کا اعلان کر دیا
امریکہ کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے آئی فون 17 سیریز کی لانچنگ کی تاریخ اور ممکنہ قیمتوں کا انکشاف ہوگیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایپل کی نئی آئی فون 17 سیریز کو رواں سال ستمبر میں 11 سے 13 تاریخ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔ نئی سیریز میں ایپل کی جدید ترین A19 پرو چپ شامل کی گئی ہے، جو 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، اور کمپنی کے فلیگ شپ ڈیوائسز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
جہاں تک ڈیزائن کی بات ہے، فون کا سائز بدستور 6.9 انچ رکھا گیا ہے، تاہم پچھلے ماڈلز میں موجود اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ختم کر دیا گیا ہے، جو ایپل کے صارفین کے لیے ایک نیا تجربہ ہو سکتا ہے۔ قیمتوں کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 26 ہزار 783 پاکستانی روپے)، آئی فون 17 ایئر 899 ڈالر (تقریباً 2 لاکھ 55 ہزار 161 روپے)، آئی فون 17 پرو کی قیمت 1636 ڈالر (تقریباً 4 لاکھ 64 ہزار 343 روپے) جبکہ آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت 1928 ڈالر (تقریباً 5 لاکھ 47 ہزار 233 روپے) مقرر کی گئی ہے۔
یہ تمام قیمتیں امریکی مارکیٹ کے لیے ہیں، اور پاکستانی صارفین کو کسٹم ڈیوٹی، پی ٹی اے رجسٹریشن اور دیگر ٹیکسز کی وجہ سے اس سے زیادہ ادائیگی کرنا پڑ سکتی ہے۔ ایپل کے چاہنے والے اب لانچنگ کی حتمی تاریخ اور دستیابی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔