کھیل
شاداب خان کی کندھے کی سرجری لندن میں کامیاب، کرکٹ سے عارضی دوری
پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر شاداب خان کے کندھے کی سرجری لندن میں کامیابی سے مکمل ہوگئی ہے۔ سرجری کے بعد شاداب خان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق، شاداب خان کو مکمل فٹنس حاصل کرنے اور کرکٹ میدان میں واپسی کے لیے تقریباً دو سے تین ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ بحالی کا عمل فزیوتھراپی اور ری ہیب سیشنز کے ذریعے جاری رکھا جائے گا۔
شاداب خان قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، اور ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کو باؤلنگ اور آل راؤنڈر پرفارمنس کے شعبے میں خلا محسوس ہو سکتا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ بھی ان کی واپسی کے لیے پرامید ہے اور ان کی صحت سے متعلق تمام اپ ڈیٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ بھارت کی میزبانی میں منعقد کیا جا رہا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ شاداب خان اس ایونٹ سے قبل ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔ ان کی واپسی سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کا امکان ہے، خصوصاً دباؤ کے لمحات میں ان کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔