head lines

علی امین گنڈاپور مخصوص نشستوں پر عدالت سے رجوع کریں گے، حکومت مضبوط ہے

Published

on

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو آزاد امیدوار ظاہر نہیں کیا تھا بلکہ واضح طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا رکن لکھا تھا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے نمائندہ ہیں، اور مخصوص نشستوں کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سینیٹ کے 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت مکمل طور پر مستحکم ہے اور کوئی رکن اسمبلی حکومتی صفوں سے نہیں جا رہا۔ انہوں نے تحریک عدم اعتماد کی خواہش رکھنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زمینی حقائق کا ادراک کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کی منظوری حکومت کے لیے اہم مرحلہ تھا، اور اگر یہ مرحلہ ناکام ہوتا تو حکومت کو نقصان پہنچتا۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ حکومت بجٹ پیش نہیں کر رہی تھی، اور کہا کہ ایسا پروپیگنڈا اپنوں نے ہی کیا۔ تاہم، پارٹی کے پیٹرن انچیف نے بجٹ منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے انکشاف کیا کہ دو ارکان نے بجٹ کے حق میں ووٹ نہیں دیا، اور سب جانتے ہیں کہ وہ کن کے لوگ ہیں۔

دریائے سوات واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ فیملی پنجاب کا ڈومیسائل رکھتی ہے، اس لیے انہیں خیبرپختونخوا میں سرکاری نوکری دینا ممکن نہیں۔ تاہم، متاثرین کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے کے حساب سے 2 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا، اور انہیں یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ اس رقم کو کاروبار میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version