head lines
کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی 26ویں برسی پر خراجِ عقیدت
آج وطن کے عظیم سپوت، کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کی 26ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایئرچیف، نیول چیف اور پاک افواج کے دیگر افسران نے شہید کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ نہ صرف افواجِ پاکستان بلکہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم مثال اور تحریک کا ذریعہ ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شہید کی قربانی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ ہے۔ ان کی شجاعت، حب الوطنی اور قربانی وطن سے محبت کی وہ علامت ہے جس پر قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔
ہم اپنے اس عظیم ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔