news
مریخ سے آیا سب سے بڑا شہابی پتھر رواں ماہ نیلامی کے لیے پیش
زمین پر دریافت ہونے والا مریخ کا سب سے بڑا شہابی پتھر رواں مہینے کے آخر میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جس کی قیمت 20 لاکھ سے 40 لاکھ ڈالر کے درمیان لگائی گئی ہے۔ یہ نایاب سرخ رنگ کی خلائی چٹان، جو مریخ پر کسی سیارچے کے ٹکراؤ کے نتیجے میں خلا میں گئی اور 14 کروڑ میل کا فاصلہ طے کر کے زمین تک پہنچی، دنیا بھر میں پائے جانے والے مریخی شہابی پتھروں میں سے صرف 400 میں شامل ہے۔
NWA 16788 کے نام سے پہچانی جانے والی یہ چٹان 2023 میں ایک گمنام شہابی پتھر تلاش کرنے والے کو صحارا صحرا میں ملی تھی، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ زمین پر کب گری تھی۔
یہ شہابی پتھر اگر متوقع قیمت پر فروخت ہو جاتا ہے تو یہ نیلامی کے شعبے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔ اس سے قبل 2000 میں چین سے دریافت ہونے والے ایک شہابی پتھر کو سب سے مہنگا قرار دیا گیا تھا، تاہم 2008 میں جب اسے 30 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تو کوئی خریدار سامنے نہیں آیا تھا۔
اب ماہرین کو توقع ہے کہ NWA 16788 اپنی غیر معمولی ساخت اور مریخی ماخذ کے باعث عالمی سطح پر توجہ حاصل کرے گا اور نیلامی کے میدان میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو گا۔